چین سے پاکستانی طلبہ کو وطن واپس لانے عمران خان کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

اسلام آباد ۔ 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے حکام کو ہدایت کی ہیکہ چین کے شہر ووہان میں جو مہلک کورونا وائرس کا مرکز بن چکا ہے اور وہاں پھنسے ہوئے پاکستانی طلباء کے انخلاء کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔ دوسری جانب ایکسپریس ٹریبون نے حکومت کے ایک اور بیان کو بھی نمایاں طور پر شائع کیا ہے جہاں حکومت پاکستان نے کہا تھا کہ ووہان میں موجود پاکستانی طلباء کو وطن واپس نہیں لایا جائے گا کیونکہ اس سے کورونا وائرس کے پاکستان میں پھیل جانے کے خدشات پیدا ہوجائیں گے تاہم عمران خان کے تازہ ٹوئیٹ کے مطابق موصوف نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کردی ہیکہ ووہان میں پھنسے پاکستانی طلباء کو فوری وطن واپس لایا جائے۔ یہ ہدایت دفترخارجہ اور سمندرپار وزارت کو دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے چین کیلئے پاکستان کی جانب سے ہر ممکنہ امداد کی پیشکش کی ہے تاکہ مہلک کورونا وائرس پر قابو پایا جاسکے۔ اپنے ایک اور ٹوئیٹ میں انہوں نے کہا کہ چین کیلئے اس مشکل گھڑی میں پاکستان اس کے شانہ بشانہ کھڑا ہے جس طرح چین نے پاکستان کے مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے۔ دفترخارجہ کے مطابق چین میں زائد 28000 پاکستانی طلباء ہیں جن میں ووہان میں ان کی تعداد 500 بتائی گئی ہے۔ ان طلباء نے حکومت پاکستان سے سوشیل میڈیا کے دریعہ بھی بار بار درخواست کی ہیکہ انہیں ووہان سے فوری پاکستان منتقل کیا جائے۔