چین: مسلم اقلیتی علاقے سنکیانگ میں نیا چینی کمانڈر

   

بیجنگ : چین نے اپنے شورش زدہ علاقے سنکیانگ میں ایک نیا فوجی کمانڈر تعینات کیا ہے۔ اس علاقے میں بڑے پیمانے پر تعینات چینی فوج کی نگرانی لیفٹینینٹ جنرل وانگ ہائی جیانگ کریں گے۔ چین کے اس علاقے میں حکام نے مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والے ایک ملین سے زیادہ مسلمانوں کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے ضمن میں’ری ہیبیلیٹیشن مراکز‘ میں قید کر رکھا ہے۔ سنکیانگ علاقائی اسٹرٹیجک اعتبار سے بھی چین کا نہایت اہم حصہ ہے۔ اس علاقے کی سرحدیں بہت ہی غیر مستحکم ہیں اور یہ وسطی ایشیائی ریاستوں کے علاوہ پاکستان اور افغانستان سے ملتی ہیں۔ چین کے لیے افغانستان سے امریکی فوجی انخلا کے بعد کی علاقائی صورتحال سب سے بڑا چیلنج نظر آ رہی ہے۔ بیجنگ کو اپنی اس سرحد پر دوبارہ سے مسلم عسکریت پسندی کے فروغ کا خدشہ ہے۔