بیجنگ ۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) چین میں کرونا وائرس کھیلوں کے ساتھ بھی کھیلواڑکرنے لگا ہے ۔ ورلڈ اِنڈور اتھلیٹکس چیمپئن شپ، فارمولا ون کار ریس، اسکیئنگ ورلڈکپ سمیت ڈومیسٹک فٹبال کے تمام ایونٹس ملتوی کر دیئے گئے۔چین میں پائے جانے والے خطرناک وائرس، کھیلوں کو بھی متاثر کرنے لگا۔ آئندہ ماہ شروع ہونے والی ورلڈ اِنڈور ایتھلیٹکس چمپئن شپ کے کسی دوسرے شہر میں شروع کروانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فارمولا ون چائنیز گراں پری کے انعقاد پر بھی سوالیہ نشان ہیں، کرونا وائرس سے متاثرہ ملک میں ہونے والے اسکیئنگ ورلڈکپ کا بھی شیڈول تبدیل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں شروع ہونے والے مرد وخواتین فٹبال مقابلوں کو بھی غیر معینہ مدت کیلئے روک دیا گیا ہے۔ چین کے اسپورٹس حکام نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹس کے مطابق تمام نیشنل و انٹرنیشنل کھیلوں کے شیڈول کا اعلان کریں گے۔یاد رہیکہ چین کے شہر ووہان میں پھیلنے والے کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کے 17 ممالک میں اس کے معاملے سامنے آئے ہیں اور سینکڑوں کی تعداد میں اموات ہونے کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس مرض میں مبتلاء ہوچکے ہیں۔