چین میں ایغور مسلمانوں کی ’نسل کشی‘ ،امریکہ کا الزام

   

واشنگٹن: امریکی کانگریس کی ایک کل جماعتی کمیشن نے جمعرات کے روز پیش کردہ اپنی رپورٹ میں کہا ہیکہ چین نے اپنے شمال مغربی صوبے سنکیانگ میں ایغور مسلمانوں اور دیگر نسلی اقلیتوں کی غالباً نسل کشی کی ہے۔ ایغور مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ہاں بچوں کی پیدائش پر روک لگانے کیلئے ایک پالیسی کے تحت منظم انداز میں عورتوں کو جبراً بانجھ بنانے کے اقدامات کے پریشان کن نئے شواہد سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ میں اس سلسلے میں سن 2017 کی ایک پالیسی دستاویز کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں اس خطے میں ابتدائی اور مڈل اسکول کی عمر کے بچوں کو ان کے خاندان سے زبردستی الگ کر دینے کی بات کہی گئی ہے۔ واشنگٹن میں چینی سفارتخانے نے اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے نسل کشی کے امکان کو افواہ قرار دیا ہے۔