چین میں ایک ارب سے زائد افراد کی ٹیکہ اندازی

   


بیجنگ: چین نے اعلان کیا ہے کہ اس نے دنیا کی سب سے بڑی کورونا وائرس ویکسی نیشن مہم کے دوران اپنی ایک ارب آبادی کو ویکسین لگادی۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد اب 38 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے اور بہت سارے ممالک اب بھی وبا کا مقابلہ کر رہے ہیں لیکن چند ممالک میں ویکسین مہم میں ایسی سرگرمیاں بھی سامنے آئی ہیں جن کا چند ماہ قبل تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔چین کی جانب سے یہ اعداد و شمار ایسے وقت میں سامنے آئے جب عالمی سطح پر ویکسین لگانے والے افراد کی تعداد ڈھائی ارب سے زائد ہوچکی ہے۔وائرس کے خلاف کامیاب لڑائی میں چین کی ویکسینیشن کی مہم ابتدائی طور پر سست روی کا شکار رہی تھی تاہم اس کے بعد اس میں تیزی دیکھنے میں آئی۔شفافیت کی کمی اور ویکسین کے اسکینڈلز بھی بہت سارے لوگوں میں مزاحمت کا باعث بنے ہیں۔رواں ماہ کے آخر تک حکام نے چین کی 40 فیصد آبادی یا تقریباً ایک ارب 40 کروڑ افراد کو مکمل طور پر ویکسین لگانے کا ہدف طے کیا ہے۔چند صوبوں میں لوگوں کو اس ویکسین لگوانے کی ترغیب دینے کے لیے مفت ویکسین دی جارہی ہے۔اسی طرح وسطی انہوئی صوبے کے رہائشیوں کو ویکسین لگوانے پر مفت انڈے دیے گئے ہیں جبکہ بیجنگ کی عوام کو شاپنگ کوپن دیئے گئے۔جہاں وائرس کے خلاف چین کی کامیابی قابل ستائش ہے وہیں اس کے برعکس برازیل ہفتے کے روز 5 لاکھ سے زائد اموات رپورٹ کرنے والا امریکہ کے بعد دوسرا ملک بن گیا ہے۔