بیجنگ ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بیجنگ پرائمری اسکول کا ایک سابق ورکر جس نے اپنے ہاتھ میں ہتھوڑی جیسا کوئی ہتھیار تھام رکھا تھا، اچانک اسکول میں داخل ہوگیا اور 20 بچوں کو زخمی کردیا جن میں سے تین بچے شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ چین میں اس نوعیت کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔ بیجنگ کے ژی چینگ ڈسٹرکٹ میں واقع نمبر ون پرائمری اسکول میں یہ واقعہ رونما ہوا۔ دریں اثناء ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ نامی اخبار نے اسکول کے ایک سابق مینٹیننس ورکر لیانگ کے حوالے سے بتایا کہ مشتبہ شخص کو اسکول کے غیرتدریسی شعبہ میں بطور ٹرینی رکھا گیا تھا تاہم تربیت کی میعاد مکمل ہونے کے بعد اسکول انتظامیہ نے اسے نااہل قرار دیا جس سے ناراض ہوکر اس نے ہتھوڑی جیسے کسی ہتھیار سے بچوں کے سروں پر وار کیا جس سے کئی بچوں کی کھوپڑیاں تڑخ گئی ہیں جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔