بیجنگ۔ 23اگست (یو این آئی) چین میں زیر تعمیر پل گرنے سے 12 افراد ہلاک اور 4 لاپتہ ہو گئے ۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے شمال مغربی صوبہ چنگھائی میں پل کی تعمیر کے دوران کیبل ٹوٹنے کے حادثے میں 12 افراد ہلاک اور چار لاپتا ہو گئے ہیں۔ یلو ریور پر زیر تعمیر پل کے کام کے دوران علی الصبح ایک اسٹیل کیبل اچانک ٹوٹ گئی تھی جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا، اور پل کا 108 میٹر لمبا درمیانی حصہ دریا میں جا گرا، حادثے کے وقت مقام پر 15 مزدور اور ایک پروجیکٹ منیجر موجود تھے ۔ امدادی ٹیمیں لاپتہ افراد کو تلاش کرنے کے لیے سرچ آپریشن کر رہی ہیں، جب کہ حادثہ کی وجوہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے ۔ چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ کے بعد سے اب تک 806 سے زائد امدادی کارکن ریسکیو میں حصہ لے چکے ہیں، جن کے ساتھ 91 گاڑیاں، 27 کشتیاں، ایک ہیلی کاپٹر اور 5 روبوٹ تعینات کیے گئے تھے ، جب کہ متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے 6 اسپتالوں نے ہنگامی سہولت فراہم کی۔