بیجنگ 17 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) چین نے آج کورونا وائرس کے پانچ نئے کیسوں کی توثیق کی ہے ۔ کورونا کیسوں میں کمی کے بعد تجارتی مرکز سمجھے جانے والے شنگھائی میں مزید اسکولس کھولنے کا اعلان کردیا گیا جبکہ ائرلائینس کی جانب سے کچھ پروازوں کی بحالی بھی عمل میں آئی ہے ۔ نئے کیسیس میں دو کے تعلق سے کہا گیا ہے کہ وہ بیرون ملک سے آئے ہیں جبکہ تین متاثرین کا شمال مشرقی صوبہ جیلین سے تعلق بتایا گیا ہے ۔ شنگھائی میں طلبا کو یہ اجازت بھی دی گئی ہے کہ اگر وہ کورونا معائنہ کروانے سے گریز کرتے ہوئے آن لائین جماعتوں میں شرکت کرنا چاہیں تو ایسا کرسکتے ہیں۔ شنگھائی میں پہلے ہی مڈل اور ہائی اسکول کی کلاسیس کا آغاز کردیا گیا ہے اور طلبا اب وہاں امتحانات کی تیاری کر رہے ہیں۔ چین کا دعوی ہے کہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران وہاں ایک بھی کورونا موت نہیں ہوئی ہے ۔ اب تک چین میں جلمہ 82,947 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 4,634 افراد اس کی وجہ سے جان گنوا بیٹھے ہیں۔ کورونا وائرس سب سے پہلے ڈسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہوا تھا ۔ چین کا کہنا ہے کہ اب وہاں صرف 86 افراد ایسے ہیں جو کورونا کی وجہ سے دواخانوں میں زیر علاج ہیں ۔ مابقی تمام ڈسچارج کردئے گئے ہیں۔ شنگھائی میں اسکولس کا آغاز کردئے جانے بعد کچھ ائر لائینس کی جانب سے مزید پروازوں کی بحالی کا بھی اعلان کردیا گیا ہے ۔ پہلے ہی وہاں کچھ ڈومیسٹک پروازیں بحال کی جاچکی ہیں۔ ووہان سے بھی پروازیں شروع ہورہی ہیں۔