چین میں موسلادھار بارش،تین ہزار افراد متاثر

   

بیجنگ 27جولائی (یو این آئی) چین کی راجدھانی بیجنگ کے قریب میون کے علاقے میں طوفانی بارش کے سبب 3000 سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔میون محکمہ موسمیات آبزرویٹری نے ہفتے کی رات موسلا دھار بارش کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا، جو موسم کی وارننگ سسٹم کی بلند ترین سطح ہے ۔اس علاقے میں ہفتہ کی دوپہر 12 بجے سے اتوار کی صبح 2 بجے کے درمیان اوسطاً 73.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ بارش ہوانگتولیانگ اسٹیشن پر 315.3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے اچانک سیلاب آگیا، جس کی وجہ سے کئی قصبات میں سڑکیں، بجلی کی فراہمی اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔خراب موسم کے باعث میون میں12 اہم سڑکوں کو بند کرنا پڑا، جن میں سے 7 کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے ۔ تمام متاثرہ گاؤوں سے رابطہ قائم کیا گیا ہے اور اتوار کی صبح تک 149 گاؤوں سے 3,065 لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے ۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔