بیجنگ: شمالی چین میں کوئلہ کمپنی کی عمارت میں آگ لگ جانے سے کم از کم 26 افراد ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہو گئے۔چین کی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ شمالی شانزی صوبے کے لیولیانگ شہر میں پیش آیا۔ جس عمارت میں آگ لگی اس میں یونگ جو کوئلہ کمپنی کے دفاتر واقع ہیں۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ڑنہوا نے بتایا کہ آگ کوئلہ کمپنی کی عمارت کے پانچویں منزل میں لگی۔ آگ سے کم از کم 26 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے جب کہ درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو مقامی ہاسپٹلوں میں داخل کرایا گیا ہے۔مقامی حکام نے بتایا کہ بچاو اور راحت کا کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ سرکاری حکام اور دیگر عہدیداروں نے اس حوالے سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب نہیں دیے۔