واشنگٹن 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ چین کی طرف سے کورونا وائرس کے خلاف اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ بیجنگ نومبر کے انتخابات میں شکست کے لیے ’کچھ بھی کرنے کو تیار ہے‘۔رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ نے چین کے خلاف سخت الفاظ استعمال کیے اور کہا کہ وائرس کے معاملے پر بیجنگ کے لیے نتائج پر وہ متعددآپشنس پر غور کر رہے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ ’میں بہت کچھ کرسکتا ہوں‘۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر دنیا کی دو بڑی معاشی طاقتوں، چین اور امریکہ میں ایک عرصے سے کشیدگی موجود ہے۔اس سے قبل پیر کو وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہم چین سے خوش نہیں ہیں، ہم پوری صورتحال سے خوش نہیں ہیں کیونکہ ہمارا ماننا ہے کہ اس کو جڑ سے روکا جا سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ اسے تیزی سے روکا جا سکتا تھا اور اسے پوری دنیا میں نہیں پھیلنا چاہیے تھا اور انہیں اس کا ذمے دار ٹھہرانے کے لیے کئی راستے موجود ہیں۔