چین نے آن لائن نیشنز کپ جیت لیا،ہندوستان کا 5 واں مقام

   

Ferty9 Clinic

بیجنگ۔12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چین نے کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں نافذ لاک ڈاؤن کے درمیان پہلی مرتبہ منعقد فیڈے چیس ڈاٹ کام آن لائن نیشنز کپ شطرنج خطاب جیت لیا جبکہ چھ ٹیموں کے درمیان ہندوستان کو پانچواں مقام حاصل ہوا۔چین نے راؤنڈ رابن مرحلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پھر سوپر فائنل میں امریکہ سے 2-2 کے ڈرا کھیلا جو اسے خطاب دلانے کے لئے کافی تھا۔امریکہ کو دوسرا، یورپ کو تیسرا، روس کو چوتھا، ہندوستان کو پانچواں اور ریسٹ آف ورلڈ ٹیم کو چھٹا مقام حاصل ہوا۔اس ٹورنمنٹ کے قوانین کے مطابق جس ٹیم نے راؤنڈ رابن دور میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اگر فائنل میں اسکور ٹائی بھی رہ جائے تو اسے چمپئن بننا تھا۔ فائنل کا اسکور ٹائی رہا لیکن چین نے راؤنڈ رابن راؤنڈ کے اپنی کارکردگی کی وجہ سے خطاب جیت لیا۔ڈنگ لرین اور چار بار کی خواتین ورلڈ شطرنج چمپئن ہوؤ یفان نے بالترتیب ھکارو ناکامورا اور ارنا کے خلاف ڈرا کھیلا۔ وی فئی نے فابیانو کاروانا سے اپنا مقابلہ گنوایا جبکہ یو یاگیي نے ویزلی سو کو شکست دی۔ مقابلہ ٹائی رہا اور خطاب چین کے حصے میں آگیا۔یاگیي نے چین کے لئے 10 بازیوں میں چھ جیتیں، تین ڈرا کھیلیں اور صرف ایک گنوائی۔ وہ چین کی جیت کے محرک رہے ۔ٹورنمنٹ کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ امریکہ کے فابیانو کو ملا جو نو بازیوں میں ناقابل شکست رہے ۔ انہوں نے نو بازیوں میں چھ جیتیں اور تین ڈرا کھیلیں۔یہ ٹورنمنٹ چھ ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا اور 10 راؤنڈ کے بعد ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان سوپر فائنل ہوا۔ ٹاپ سیڈ چین نے آٹھ راؤنڈ کے بعد ہی سوپر فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا لی تھی۔ اس نے 10 راؤنڈ میں آٹھ راؤنڈ میں آٹھ کامیابی حاصل کیں، ایک ڈرا کھیلا اور ایک راؤنڈ گنوایا۔