ٹوکیو، 21اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے چیف کابینی سکریٹری یوشہدے سوگا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چین نے جاسوسی کے شبہ میں ایک جاپانی پروفیسرکو حراست میں لیا ہے ۔اتوار کو میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ ستمبر میں چین نے ایک پروفیسر کو حراست میں لیا تھا اور وہ پروفیسر جاپان کی ہوکائڈو یونیورسٹی میں چینی تاریخ پڑھاتا تھا۔وہ پروفیسر اس وقت بیجنگ کے دورہ پر تھا۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ اس شخص کو جاپان کی وزارت دفاع نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ڈیفنس اسٹڈیز میں ملازمت دی تھی۔ سکریٹری نے بتایا کہ اس معاملہ میں جاپانی حکومت اپنی طرف سے ہر ممکن مدد کررہی ہے اور اس سے سفارتکاروں نے بھی ملاقات کی ہے ۔نکی ایشین ریویو میڈیا آوٹ لیٹ کے مطابق چین نے گزشتہ چار برسوں میں 13جاپانی شہریوں کو اپنی قید میں رکھا ہوا ہے اور ان میں سے 9خواتین ہیں جنہیں جاسوسی کے الزام میں جیل رکھا گیا ہے ۔