بیجنگ؍ نئی دہلی ۔ بھوٹان کی سرزمین پر چینی تعمیرات کے شواہد نے ہندوستان کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ جن علاقوں میں چین کی تعمیرات کی تصاویر سامنے آئی ہیں یہ علاقہ تزویراتی طور پر اہم علاقہ ڈوکلام سے متصل ہیں۔ ہندوستان سمجھتا ہے کہ چین ان علاقوں پر اپنا دعویٰ مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ چین کی فوج کے بارے میں ریسرچ کرنے والے ٹوئٹر ہینڈل ڈیٹریسفا سے سٹیلائٹ سے حاصل کردہ تصاویر شیئر کی گئی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چین 2020-21 میں ڈوکلام کے نزدیکی علاقہ میں تعمیراتی کام کر رہا ہے۔ چین کی 14 ممالک کے ساتھ 22 ہزار 457 کلومیٹر لمبی سرحد ہے، لیکن سرحدی تنازعات صرف ہندوستان اور بھوٹان کے ساتھ ہیں۔ ہندوستان ان علاقوں میں چینی تعمیرات سے انتہائی پریشان ہے، کیوں کہ یہ علاقہ ڈوکلام کے قریب ہے۔ یہ وہی علاقہ ہے جہاں 2017ء میں ہندوستان اور چین کے مابین کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔ 2020ء میں وادی گلوان میں جھڑپوں کے بعد ہندوستان اور چین کے تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں۔ اس جھڑپ میں چار چینی اور 20 ہندوستانی فوجی مارے گئے تھے۔