بیجنگ: امریکی حکام نے انکشاف کیا کہ چینی فوج توانائی اور پانی کی سہولیات کے ساتھ ساتھ مواصلات اور نقل و حمل کے نظام سمیت اہم امریکی بنیادی ڈھانچے کو متاثر کرنے کی اپنی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ان حساس سیکٹرز کے حوالے سے امریکی حکام اور سکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ چینی فوج سے وابستہ ہیکرز نے گزشتہ سال کے دوران تقریباً بیس اہم اداروں کے کمپیوٹر سسٹمز میں نقب لگائی ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ دراندازی کی کارروائیاں بحرالکاہل میں امریکہ اور چین کے درمیان تنازع کی صورت میں خوف و ہراس اور افراتفری پھیلانے یا رسد میں خلل ڈالنے کے طریقے تیار کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں۔ واقعات سے آگاہ افراد نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ متاثرہ املاک میں ہوائی میں پانی کا ایک ذخیرہ اور کم از کم ایک تیل اور گیس کی پائپ لائن شامل ہے۔ ہیکرز نے ٹیکساس پاور گرڈ کو چلانے والی کمپنی میں بھی گھسنے کی کوشش کی۔ یہ پاور گرڈ ملک کے باقی حصوں میں بجلی کے نظام سے آزادانہ طور پر کام کرتی ہے۔امریکی حکام نے کہا کہ کسی بھی مداخلت سے پمپ، پسٹن یا کسی بھی اہم کام کو چلانے والے صنعتی کنٹرول سسٹم میں خلل نہیں پڑا۔