نئی دہلی: کورونا وائرس کی وجہ سے ہندوستان واپس آنے والے میڈیکل طلباءجلد ہی چین واپس آسکتے ہیں۔ چین میں زیر تعلیم ہندوستانی طلبا کےلئے رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ حکومت ہند نے ذاتی طور پر کلاسوں میں شرکت کے خواہشمند طلباسے 8 مئی تک رجسٹریشن کےلئے وقت دیا ہے۔ اس کے بعد یہ فہرست چینی فریق کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔واضح رہے کہ ہندوستان کی طرف سے شیئر کی گئی فہرست کی بنیاد پر چینی حکام متعلقہ محکموں سے ہندوستانی طلبا کی تفصیلات کی تصدیق کریں گے اور اس کے بعد ہی طلبا کو تعلیم چینی یونیورسٹیوں میں جاری رکھنے کی اجازت دی جائے گی۔ حکومت نے کہا ہے کہ چین نے ضرورت کی بنیاد پر ہندوستانی طلباکی واپسی کی سہولت پر غور کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔