چین : ٹرین کی ٹکر سے 11 مزدور ہلاک

   

بیجنگ ۔ 27 نومبر (ایجنسیز) چین کے جنوب مغرب میں جمعرات کی صبح ایک ٹرین کی ٹکر سے 11 افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔چین کے سرکاری ٹی وی چینلCCTV کے مطابق زلزلوں کی نگرانی کا سامان لے جانے والی یہ ٹرین صوبہ یوننان میں ’’معمول کے مطابق‘‘ چل رہی تھی، جب وہ ان مزدوروں سے ٹکرا گئی جو اچانک اْس کی پٹڑی پر آگئے۔ حادثے میں 11 افراد موقع پر ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔یوننان کے شہر کْنمنگ کے ریلوے اسٹیشن نے ایک بیان میں کہا کہ ٹرین نے اْس وقت ریلوے کارکنوں کے گروہ کو ٹکر ماری جب وہ زلزلہ سروے کے آلات کی جانچ کر رہے تھے اور ایک خم دار حصے میں پٹڑی پر داخل ہو گئے تھے۔ یہ واقعہ کْنمنگ کے لوئیانگ ٹاؤن کے ریلوے اسٹیشن کے اندر پیش آیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ’’ریلوے انتظامیہ نے فوراً ایمرجنسی رد عمل کو فعال کیا اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر بچاؤ اور امداد کی کارروائیاں شروع کر دیں۔‘‘حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔