چین پاکستان کا آئرن برادر اور حامی: پاک دفتر خارجہ

,

   

اسلام آباد۔ پاکستان کے وزیرِاعظم عمران خان اپنے چین کے چار روزہ دورے کے اختتام پر اتوار کو چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد وطن روانہ ہو گئے ہیں۔ دونوں قائدین کی ملاقات کے بعد پاکستانی دفترِ خارجہ کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کی شراکت داری خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔ دونوں قائدین نے پاکستان اور چین کے درمیان جاری تعاون سمیت خطے کی مجموعی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔ گرینڈ ہال آف پیپل میں ہونے والی اس ملاقات میں عمران خان نے ونٹر اولمپکس کے انعقاد پر چینی صدر کو مبارکباد دی۔ عمران خان نے کہا کہ چین پاکستان کا ثابت قدم دوست، کٹر حامی اور آئرن برادر ہے جس نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ دونوں ملکوں کی دوستی ہر آزمائش پر بھی پوری اْتری ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے چین، پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) میں چین کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم بھی کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ہندوستانی اقدامات اور اُن کے بقول انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں قائدین نے اتفاق کیا کہ خوشحال اور پرامن افغانستان خطے میں امن و سلامتی کا ضامن ہے۔ ملاقات کے دوران پاکستانی وزیرِ اعظم نے چینی صدر کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔