سڈنی : چینی بحریہ کے جہاز نے آسٹریلوی فوج کے طیارے پر لیزر لائٹ لگائی ہے جس کو آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ ماریسن نے بیجنگ کے جانب سے ’دھمکانے والا عمل‘ قرار دیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے آسٹریلیا کی وزارت دفاع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلوی فوج کے P-8A پوسائڈن میری ٹائم گشتی طیارے پر جمعرات کو پیپلز لبریشن آرمی- نیوی کے جہاز کی طرف سے لیزر لائٹ لگائی گئی تھی، جس سے انسانی جانوں کو خطرہ ہو سکتا تھا۔آسٹریلوی فوج کا یہ طیارہ آسٹریلیا کے شمالی علاقے پر سے گزر رہا تھا۔اسکاٹ ماریسن کا کہنا ہے کہ آسٹریلیوی حکومت بیجنگ سے اس معاملے پر جواب طلب کرے گی۔’مجھے یہ دھمکانے کے عمل کے علاوہ کچھ اور نہیں لگ رہا۔ اور آسٹریلیا ایسے عمل کبھی قبول نہیں کرے گا۔‘آسٹریلوی وزیر دفاع پیٹر ڈٹن نے اس واقعہ کو ’بہت جارحانہ عمل‘ قرار دیا ہے جو آسٹریلیا کے خصوصی اقتصادی زون میں ہوا۔