بیجنگ، 5 نومبر (یو این آئی) چین نے امریکہ پر 24 فیصد اضافی ٹیرف معطل کرنے اور 10 فیصد لیوی برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ کی جنوبی کوریا میں ہونے والی اہم ملاقات کے ثمرات آنے لگے ہیں۔ چینی اسٹیٹ کونسل کے ٹیرف کمیشن نے کہا کہ چین امریکی اشیا پر 24 فیصد اضافی ٹیرف کو ایک سال کیلیے معطل کر دے گا تاہم 10 فیصد لیوی کو برقرار رکھے گا۔ واضح رہے کہ چین دنیا کا سب سے بڑا زرعی خریدار ہے ۔ ٹیرف کمیشن نے یہ بھی اعلان کیا کہ چین 10 نومبر سے امریکی زرعی سامان پر 15 فیصد تک کے کچھ معطل کر دے گا۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد چین پر ٹیرف 57 فیصد سے کم کر کے 47 فیصد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ چینی صدر سے ملاقات کے بعد ایئر فورس ون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان بہت سے اہم نکات پر اتفاق ہوگیا ہے ۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا تمام چینی مصنوعات پر عائد ٹیرف کو کم کرے گا، چین پر ٹیرف 57 فیصد سے کم کر کے 47 فیصد ہوگا، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔