بیجنگ ۔ 14 فروری (ایجنسیز) ایران نے اپنے فضائی دفاع کو مزید مؤثر بنانے کے لیے چین سے جدید طویل فاصلے تک نگرانی کرنے والا ریڈار سسٹم YLC-8B حاصل کر لیا ہے، جس کے بعد خطے میں دفاعی توازن پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ میڈیا نے دفاعی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ یہ جدید ریڈار نہ صرف 500 کلومیٹر دور تک پرواز کرنے والے جنگی طیاروں کو شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ تقریباً 700 کلومیٹر فاصلے پر موجود میزائلوں کی بھی بروقت نشاندہی کر سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نظام کی سب سے اہم خصوصیت اسٹیلتھ ٹیکنالوجی کے حامل طیاروں کا سراغ لگانے کی صلاحیت ہے، جو روایتی ریڈار سسٹمز کے لیے چیلنج سمجھی جاتی ہے۔ یہ ریڈار چین کے معروف سرکاری ادارے نانجنگ انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس ٹکنالوجی نے تیار کیا ہے۔