چین کا روس۔ یوکرین مذاکرات جاری رہنے کی امید کا اظہار

   

بیجنگ: چین ہمیشہ یوکرائن بحران کے پرامن حل کیلئے سازگار تمام سفارتی کوششوں کی حمایت اور حوصلہ افزائی کرتا ہے، اور روس اور یوکرائن کے مابین امن مذاکرات کے آغاز کا خیر مقدم کرتا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے ان خیالات کا اظہار منگل کو اپنی یومیہ پریس بریفنگ کے دوران پیر کے روز بیلاروس کے علاقے گومیل میں روس اور یوکرائن کے وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر کیے جانیوالے سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔وانگ وین بن نے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ دونوں فریقین مستقبل قریب میں مذاکرات کا ایک نیا دور منعقد کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔وانگ نے مزید کہا کہ چین امید کرتا ہے کہ دونوں فریق مذاکرات اور بات چیت کا عمل جاری رکھیں گے اور ایک ایسا سیاسی حل تلاش کریں گے جو دونوں فریقوں کی سلامتی کے معقول خدشات کو پورا کرے، یورپ کی مشترکہ سلامتی کیلئے مفید اور یورپ میں دیرپا امن و استحکام کیلئے سازگار ہو۔