بیجنگ: چین نے اعلان کیا ہے کہ ہانگ کانگ کے معاملے پر امریکہ کی پابندیوں کے جواب میں وہ سینیٹرز سمیت 11 اعلیٰ امریکی عہدیداروں پر پابندی عائد کر رہا ہے۔چین کے دفتر خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جان نے بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ کے محکمہ خارجہ کی جانب سے چینی حکومت کے 11 عہدیداروں پر پابندی ہانگ کانگ اور چین کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘امریکہ کے اس طرح کے اقدامات بین الاقومی قانون اور بنیادی عالمی اقدار کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور چین اس کو یکسر مسترد اور مذمت کرتا ہے’۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ‘امریکہ کے غلط قدم کے جواب میں چین نے امریکہ کے سینیٹرز اور دیگر عہدیداروں پر ہانگ کانگ کے معاملات میں قابل مذمت کردار ادا کرنے پرپابندی کا فیصلہ کرلیا ہے’۔انہوں نے کہا کہ ‘اس پابندی کا اطلاق منگل سے ہوگا’۔