چین کا چاند پر جانے والا نیا مشن پاکستانی سیٹلائٹ بھی لے جائے گا

   

شنگھائی : چاند کے لیے چین کا نیا مشن چینگ ای 6 پاکستان کے ایک سیٹلائیٹ کو بھی وہاں لے کر جائے گا۔ چائنا نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن (سی این ایس اے) نے سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر اپنے ایک بیان میں بتایا کہ چینگ ای 6 مشن 2024ء کی پہلی ششماہی میں چاند کے لیے روانہ کیا جائے گا۔ یہ مشن پاکستان، یورپین سپیس ایجنسی، فرانس اور اٹلی کے پے لوڈ کو اپنے ساتھ چاند پر لے کر جائے گا۔ چینگ ای 6 مشن میں فرانسیسی انسٹرومنٹ موجود ہوں گے جو ریڈیو ایکٹیو گیس کی جانچ کریں گے۔ اسی طرح یورپین سپیس ایجنسی کے نیگیٹیو آئیون ڈیٹیکٹر اور اٹلی کے کیلیبریٹ راڈار سسٹم کو بھی یہ مشن اپنے ساتھ چاند پر لے جائے گا۔ پاکستان کے کیوب سیٹ نامی منی ایچر سیٹلائیٹ کو بھی چاند کے مدار پر پہنچایا جائے گا۔ چین کی جانب سے بین الاقوامی لونر ریسرچ سٹیشن پراجیکٹ کی رفتار بڑھائی جا رہی ہے اور توقع ہے کہ مزید بین الاقوامی شراکت دار اس کا حصہ بنیں گے۔ سی این ایس اے نے بتایا کہ بین الاقوامی تعاون میں اضافہ کے لیے یہ مشن 4 ممالک کے پے لوڈ اور سیٹلائیٹس کو اپنے ساتھ لے جائے گا۔ چینگ ای 6 مشن چاند کے تاریک حصہ میں جاکر وہاں کی سطح سے نمونوں کو اکٹھا کر کے زمین پر واپس آئے گا۔