کراچی ۔24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ چین کا مقابلہ کورونا سے تھا لیکن ہمارا مقابلہ پہلے جہالت سے ہے۔ سابق فاسٹ بولرشعیب اختر نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شائع کی جس میں اْنہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستانیوں کی لاپرواہی کے بارے میں لکھا ہے۔شعیب اختر کی جانب سے شائع کی جانے والی تصویر میں اْنہوں نے لکھا کہ چائنہ کا مقابلہ صرف اور صرف کورونا وائرس سے تھا اِسی لیے چین جیت گیا۔ہمارا مقابلہ پہلے جہالت، لاعلمی، تعلیم اور شعور کی کمی سے ہے۔اْنہوں نے لکھا کہ ہمارا مقابلہ پہلے مختلف نظریات اور ہٹ دھرمی سے ہے اْس کے بعد ہمارا مقابلہ کورونا وائرس سے ہے۔ شعیب اختر نے یہ تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اِس ٹوئٹ کوکرتے ہوئے بہت دْکھ ہورہا ہے لیکن یہ سچ ہے۔اِس کے علاوہ شعیب اختر نے دو روز قبل ٹوئٹر پر اپنی ایک ویڈیو شائع کی تھی جس میں وہ پاکستانیوں سے گھر میں رہنے کی درخواست کر رہے ہیں۔ شعیب اختر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ مہربانی کرکے کچھ خدا کا خوف کریں، آپ خودکو3 ہفتے کے لیے گھر میں بند کردیں۔چین کا سب سے اہم ہتھیار لاک ڈاون تھا جس کی وجہ سے وہاں کورونا وائرس پھیلنے سے رْک گیا اور اْس کے بعد چین والوں نے ویکسینیشن نکال لی۔شعیب اختر نے اس بات پر زور دیا کہ اٹلی سے کچھ سیکھیں اْس نے دیرکردی جس کی وجہ سے اٹلی آج مشکل میں ہے، اِسی طرح اسپین اور ایران بھی مشکل میں ہے۔شعیب اختر نے کہا کہ اگر پاکستان میں اٹلی جیسی صورتحال ہوگی تو یہاں کوئی لاشیں اْٹھانے والا بھی نہیں ہوگا۔