چین کو شکست دیکر ہندوستان پانچویں مرتبہ چمپئن

   

موکی (چین ) ہندوستانی ہاکی ٹیم نے ایک بار پھر ایشین چمپئنز ٹرافی کا خطاب جیت لیا ہے۔ ٹیم انڈیا نے فائنل میں چین کو 1-0 سے شکست دے کر لگاتار دوسری مرتبہ اور مجموعی طور پر پانچویں بار یہ خطاب جیتا۔ ٹیم انڈیا کے لیے فائنل کا واحد گول جوگراج سنگھ نے کیا۔ چین کے ہولن بئیر میں منعقدہ اس ٹورنمنٹ میں ٹیم انڈیا نے منگل17 ستمبرکو منعقدہ فائنل میں میزبان کو شکست دی۔ اس طرح ہندوستان نے ٹورنمنٹ کے پہلے اور آخری میچ میں چین کو شکست دے کر ٹورنمنٹ کا خطاباپنے نام کیا۔ دوسری جانب پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر برونز میڈل جیتا۔ ٹورنمنٹ کے پہلے میچ میں چین کو 3-0 سے شکست دے کر ہرمن پریت سنگھ کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم نے فائنل سمیت مسلسل 7 میچ جیت کر خطاب پر قبضہ کیا۔ ٹیم انڈیا نہ تو ایک بھی میچ ہاری اور نہ ہی ڈرا ہوئی۔ تاہم منگل کی شام منعقدہ فائنل میں ٹیم انڈیا کو جیت کے لیے سخت جدوجہدکرنی پڑی ۔ پورے ٹورنمنٹ میں پہلی بار ہندوستانی ٹیم شروع میںکوئی گول کرنے میں ناکام رہی اور اسے مخالف ٹیم کے گول پوسٹ میں داخل ہونے کے لیے آخری 10 منٹ تک انتظارکرنا پڑا۔ ٹیم انڈیا کو شروع سے ہی خطاب کا دعویدار سمجھا جارہا تھا اور لیگ مرحلے اور سیمی فائنل میں ٹیم نے جس طرح کا مظاہرہ کیا اس کو دیکھتے ہوئے فائنل میں بھی آسان جیت کی امید تھی تاہم چین نے ایسا نہیں ہونے دیا اور اس ٹورنمنٹ کے میچوں میں توقع سے بہترکارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سیمی فائنل میں اس نے پاکستان کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 2-0 سے شکست دی۔ فائنل میں بھی انہوں نے ٹیم انڈیا کو سخت ٹکر دی اور 50 منٹ تک کوئی گول نہیں ہونے دیا۔ یہ میچ بھی پنالٹی شوٹ آؤٹ کی طرف بڑھتا ہوا دکھائی دے رہا تھا لیکن 51ویں منٹ میں دیوار چین’ بالآخر گر گئی۔ ابھیشیک کا ایک بہترین پاس چین کے ‘ڈی’ میں جوگراج کے پاس گیا اور اس ڈیفنڈر نے اپنے حملہ آورکھیل کی جھلک دکھاتے ہوئے چین کے گول میں زور دار شاٹ لگا کر ٹیم انڈیاکو 1-0 کی برتری دلائی۔ اسکورآخر تک برابررہا اور ہندوستان نے پانچویں بار یہ خطاب اپنے نام کیا۔ اس طرح ہندوستان نے پانچویں بار یہ خطاب جیتا۔ یہ ٹورنمنٹ 2011 میں شروع ہوا تھا اور ٹیم انڈیا پہلے ہی سیزن میں چمپئن بنی تھی۔ اس کے بعد 2016 میں بھی خطاب بھارت نے اپنے نام کیا۔ 2018 میں ہندوستان اور پاکستان کو مشترکہ فاتح قرار دیاگیا تھا۔ اس کے بعد2023 میں ٹیم انڈیا نے چوتھی بار خطاب جیتا اور اب ٹیم انڈیا مسلسل دوسری اور مجموعی طور پر پانچویں بار ایشین چمپئن بن گئی ہے۔ اس طرح ٹیم انڈیا نے پیرس اولمپک میں برونز میڈل جیت کر اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔