چین کو طالبان حکومت تسلیم نہیں

   

دوحہ: افغانستان میں چین کے خصوصی سفیر یو زیانگ یونگ نے واضح کیا کہ مستقبل قریب میں افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔خصوصی ایلچی نے بتایا کہ چین کو ابھی تک افغانستان میں طالبان حکومت کی طرف سے یہ یقین دہانی نہیں ملی ہیکہ وہ اپنی سرزمین کو دوسرے ممالک کے خلاف دہشت گردانہ حملوں کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گی۔ سفیر نے واضح کیا کہ اس یقین دہانی کی عدم موجودگی میں چین طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ ژیانگ یونگ نے قطر میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹیرس کے ساتھ افغانستان کیلئے خصوصی ایلچی کے ساتھ دو روزہ میٹنگ میں شرکت کی۔ اگست 2021 میں طالبان کے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ پہلی ملاقات ہے ۔ ژیانگ یونگ نے کہا، “چین کا خیال ہے کہ تسلیم کرنے کا مسئلہ جلد حل نہیں کیا جا سکتا، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہمیں افغانستان کی عبوری حکومت کے ساتھ فعال طور پر مشغول نہیں ہونا چاہیے ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ انسانی امداد کا معاملہ ہے ۔
چینی صوبہ ینان میں زلزلہ
کنمینگ: چین کے جنوب مغربی صوبہ ینان کے باؤشان شہر میں منگل کی دیر رات ریختر پیمانے پر 5.2 شدت کے زلزلے میں تین افراد زخمی ہو گئے ۔مقامی حکام نے زلزلہ کے بعد لیول۔IIIکے ہنگامی الرٹ کا اشارہ جاری کیا ہے اور امدادی ٹیموں کو آفت زدہ علاقے میں روانہ کیا گیا ہے۔ زلزلہ منگل کی رات 11 بجکر 27 منٹ پر بوشان کے ضلع لونگ یانگ میں آیا۔ مقامی رپورٹ کے مطابق زلزلے میں تین افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال بھیجا گیا ہے ۔