واشنگٹن : امریکہ کے سیکرٹری دفاع نے کہا ہے کہ وہ امریکی اتحادیوں کے ساتھ فوجی تعلقات بڑھانے اور چین کے خلاف ’قابل اعتماد دفاع‘ کو مضبوط کرنے کے لیے ایشیا کا دورہ کر رہے ہیں۔ سیکرٹری دفاع لائیڈآسٹن نے یہ بات ہفتہ کو صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ پینٹاگون کے سربراہ کی حیثیت سے یہ ان کا پہلا دورہ ہے۔امریکی سیکرٹری دفاع اس دورے میں ٹوکیو، نئی دہلی اور سیول میں اپنے اتحادیوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ’اس دورے کا مقصد اتحاد اور شراکت داری ہے۔ اس کا مقصد صلاحیتیں بڑھانا بھی ہے۔‘انہوں نے کہا کہ جب امریکہ مشرق وسطیٰ میں شدت پسندوں کے خلاف برسرپیکار تھا تو اس وقت چین تیزی سے اپنی فوجی صلاحیت بڑھا رہا تھا۔لائیڈآسٹن کا کہنا تھا کہ ’ہمارا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہمارے پاس چین یا کسی بھی اور ملک، جس کی وجہ سے امریکہ کو خطرہ ہو، کے خلاف بااعتبار دفاع قائم کرنا ہے۔‘
