چین :کیمیکل پلانٹ میں دھماکے ، 64 ہلاک

   

بیجنگ۔ 23 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) چین میں صوبہ ژیانگ کے شہر یانچینگ میں ایک کیمیکل پلانٹ میں دھماکے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 64 ہو گئی ہے اور 28 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔شہر کے میئر کاؤ لباؤ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کیمیکل پلانٹ میں دھماکے سے مرنے والوں کی تعداد 64 ہو گئی ہے ۔ ان میں سے 26 کی شناخت کر لی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد 617 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جن میں سے 143 لوگوں کا علاج اب بھی جاری ہے ۔قابل غور ہے کہ جمعرات دوپہر 2:48 بجے ہونے والا دھماکہ اتنا طاقتور تھا کہ ارد گرد کی عمارتیں د ہل اٹھیں اور مکانوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ دھماکے کے بعد ہزاروں لوگوں کو علاقے سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ بم دھماکے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

یورپی یونین ہتھیاروں سے متعلق
مشترکہ لائحہ عمل اپنائے، میرکل
برلن ۔ 23 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ یورپی یونین ہتھیاروں اور دیگر کثیرالفریقی صنعتی منصوبوں میں اپنے باہمی تعاون کو وسعت دے۔ انہوں نے یہ بات یورپی سربراہی کانفرنس سے قبل جرمن پارلیمان سے خطاب میں کہی۔ چانسلر میرکل کا یہ بیان جرمنی کے ہتھیاروں کی برآمد سے متعلق ضوابط پر برطانیہ اور فرانس کی تنقید کے بعد سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موضوع پر بحث ہونا چاہیے کہ آیا جرمنی کو اس سلسلے میں سمجھوتا کرنا چاہیے۔ یہ بات اہم ہے کہ برطانیہ اور فرانس نے جرمنی کی جانب سے سعودی عرب کے لیے ہتھیاروں کی برآمد پر پابندی پر اعتراض کیا تھا۔