بیجنگ : چین نے امریکی عہدیداروں کے ویزے پر پابندی کا اعلان کردیا۔ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے رواں ماہ کے اوائل میں چینی حکام پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ چینی اہل کار نسل پرستی اور مذہبی اقلیتوں کے خلاف کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن کا اپنے بیان میں کہناتھا کہ امریکی عہدے داروں نے چین کے انسانی حقوق کے ریکارڈ کے بارے میںغلط خبریں پھیلا کر پروپیگنڈا کیا۔ امریکا نے انسانی حقوق کے مسائل کا بہانہ بناکر چین کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ ان اقدامات کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے اور یہ بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔چینی ترجمان نے کہا کہ چین کی خود مختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کے لیے امریکی حکام پر ویزا پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کی پٹرول
کی بڑھتی قیمتوں پر سیاست
سکرامنٹو : امریکہ میں اپوزیشن ریپبلکن پارٹی نے پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر سیاست شروع کردی۔ کیلیفورنیا کے ایک مصروف چوراہے پر ریپبلکن پارٹی کے حمایوں نے بینر اٹھا کر مظاہرہ کیا،جن پر عوام کو ریپبلکن پارٹی کو ووٹ دینے کی جانب ترغیب دی گئی تھی۔ عوام پیٹرول کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے ریپبلکن پارٹی کو ووٹ دیں۔