ممبئی : چین نے گذشتہ 30سالوں میں پہلی بار ہندوستان سے چاول درآمد کرنا شروع کیا ہے جس کی ایک وجہ تو یہ تھی کہ ہندوستان سے چاول کی سربراہی محدود تھی اور دوسرے یہ کہ ہندوستان نے حالیہ دنوں میں چین کو رعایتی قیمتوں پر چاول کی سربراہی کی پیشکش کی تھی ۔ ہندوستانی صنعت کے اعلیٰ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ یاد رہے کہ ہندوستان دنیا میں چاول برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جبکہ چین اس کی درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ چین سالانہ 4 ملین ٹن چاول درآمد کرتا ہے لیکن معیار کو مدعا بناتے ہوئے اس نے ہندوستان سے چاول کی درآمد کو ہمیشہ نظرانداز کیا اور ایک ایسے وقت جب دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازعات پائے جاتے ہیں ۔ چاول کی ہندوستان سے درآمد یقینی طور پر خوش آئند ہے ۔ اس موقع پر ہندوستان کی رائس ایکسپورٹرس اسوسی ایشن کے صدر بی وی کرشنا راؤ نے بتایا کہ چین نے پہلی بار ہندوستان سے چاول کی خریداری کی ہے اور امید ہے کہ ہندوستانی اناج کا معیار دیکھنے کے بعد چین آئندہ سال بھی ہندوستان سے ہی چاول اور دیگر اناج خریدے گا کیونکہ روایتی طور پر چین کو اناج سربراہ کرنے والے ممالک تھائی لینڈ، ویٹنام ، میانمار اور پاکستان کے پاس چاول برآمد کرنے کیلئے محدود کوٹہ ہوتا ہے اور دوسرے یہ کہ وہ ہندوستان کے مقابل چاول کی قیمتیں 30 ڈالرس فی ٹن زائد طلب کرتے ہیں ۔