چین کی جانب سے ایران کو کئی بوئنگ طیاروں کے ذریعے اسلحہ کی سربراہی

   

واشنگٹن ۔ 20 جون (ایجنسیز) ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ نے پورے مغربی ایشیا کو ایک میدانِ جنگ میں تبدیل کر دیا ہے۔ اس کشیدگی کے دوران ایک اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔چین، خفیہ طور پر ایران کو اس جنگ میں مدد فراہم کر رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ چین کی جانب سے ایران کو کئی بوئنگ طیاروں کے ذریعے ہتھیار بھیجے جا رہے ہیں۔فاکس نیوز نے فلائٹ ٹریکر ڈیٹا اور یورپی انٹیلیجنس کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ 14 جون سے اب تک پانچ بوئنگ 747 طیارے چین کے مختلف علاقوں سے روانہ ہوئے۔ یہ طیارے قازقستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے فضائی راستوں سے گزر کر ایران کی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔ اس کے بعد ان کا اگلا رخ معلوم نہیں ہو سکا۔ اگرچہ ان طیاروں کی منزل لکسمبرگ بتائی گئی تھی، لیکن یہ طیارے یورپی فضائی حدود میں داخل ہی نہیں ہوئے، جو کہ قابلِ غور بات ہے۔