نئی دہلی : کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ڈیفنس کے ماہرین کی بات پر توجہ دیں اور حقائق کا پتہ چلانے والے آزادانہ مشن کی تشکیل عمل میں لائے تاکہ چین کی جانب سے مختلف نوعیت کی دراندازی اور ہندوستانی علاقوں پر غاصبانہ قبضہ کی نشاندہی کی جاسکے ۔ انہوں نے جمعہ کو ٹوئیٹر پر کہا کہ حکومت ملک کو ان اقدامات سے واقف کروائے جو چین کے قبضہ میں جانے والے ہندوستانی علاقہ کی بازیابی کیلئے کئے جارہے ہیں۔کانگریس کے سابق صدر نے کہا کہ وہ اپنے ٹویٹ کے ساتھ ایک نیوز رپورٹ منسلک کررہے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہند ۔ چین تعطل کے کیا منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔اس دوران کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے بھی ٹویٹ کیا اور کہا کہ ہم بالعموم فوجوں کی دستبرداری اور کشیدگی میں کمی پر خوش ہوجاتے ہیں لیکن حقائق پر نظررکھنا ضروری ہے ۔