نئی دہلی : چین کے ساتھ لداخ میں کشیدگی کے درمیان حکومت ہند نے چین کی فرم کو 1,127 کروڑ کا سیول کنٹراکٹ دیدیا ہے ۔ ہندوستان کے آر آر ٹی ایس پراجکٹ کیلئے چین کی فرم کو منتخب کیا گیا ہے ۔ سیول کنٹراکٹ پیاکیج 4 کے ذریعہ سنگھائی ٹنل انجنیئرنگ کمپنی لمیٹیڈ کی جانب سے دہلی میرٹھ میں ریلوے پراجکٹ کا کام کیا جائے گا ۔ دہلی کے نیو اشوک نگر سے لیکر صاحب آباد کے درمیان 5.6 کیلو میٹر زیرزمین سرنگ تعمیر کی جائے گی ۔ میرٹھ آر آر ٹی ایس پراجکٹ بھی اسی فرم کو دیا گیا ہے جس کی قدر 1,126.89 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے ۔ اس کنٹراکٹ کیلئے قطعی فیصلہ این سی آر ٹی سی نے دیا ہے ۔ ہندوستان اور چین کے درمیان لداخ میں گلوان وادی پر سرحدی مسئلہ کو لیکر تنازعہ چل رہا ہے ۔ اس علاقہ میں ہندوستان کے 20 سپاہی ہلاک ہوئے تھے ۔ چین کی جانب اموات کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے ۔ کنٹراکٹ پیاکیج 4 کے تحت جو کام انجام دیئے جائیں گے ان میں نیو اشوک نگر ڈی این ریمپ سے صاحب آباد یو پی ریمپ تک سرنگ کی کھدائی ، بورنگ کی مشین لگانا اور دیگر کام شامل ہیں ۔ آنند وہار پر زیرزمین اسٹیشن بھی تعمیر کیا جائے گا ۔ ان کاموں کیلئے /11 نومبر 2019 ء کو ٹنڈر طلب کئے گئے تھے ۔ فنی بولیوں کی کشادگی /16 مارچ 2020 ء کو عمل میں آئی ۔ جون 2020 ء میں این سی آر ٹی سی نے اس کنٹراکٹ پیاکیج کیلئے مالیاتی بولیوں کی کشادگی عمل میں لائی ۔ چین کی فرم ایس ٹی ای سی سب سے کم بولی دینے والی فرم بن کر سامنے آئی ۔ ذرائع نے کہا کہ حکومت ہند کی نئی پالیسی کے مطابق چین کی فرم نے اس کام کو قبول کرنے کا مکتوب روانہ کیا ہے ۔