چین کی متعدد امریکی شہریوں کیخلاف پابندیاں عائد

   

بیجنگ ۔ چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکہ کی جانب سے چین کے ہانگ کانگ میں واقع رابطہ دفتر کے ڈائریکٹر اور سات نائب ڈائریکٹروں کے خلاف عائد کردہ پابندیوں کے رد عمل میں متعدد امریکی شہریوں کے خلاف پابندیاں عائد کررہا ہے۔ ان میں سب سے اہم نام امریکہ کے سابق کامرس سیکرٹری ولبر راس کا ہے۔ چین نے کہا ہے کہ وہ جن افراد کو ہدف بنائے گا، ان میں امریکہ چین اکنامک اینڈ سیکیورٹی ریویو کمیشن کی چیئر پرسن کیرولین بارتھولومیو، کانگریس میں چین کے اسٹاف سے متعلق انتظامی کمیشن کے سابق سربراہ جوناتھن اسٹرائیوز، نیشنل ڈیموکریٹک انسٹی ٹیوٹ کے دویون کم، انٹرنیشنل ری پبلکن انسٹی ٹیوٹ کے نائب سربراہ ایڈم کنگ، چین سے متعلق ہیومن رائٹس واچ کی ڈائریکٹر صوفی رچرڈسن اور ہانگ کانگ ڈیموکریسی کونسل کا ادارہ شامل ہے۔ بیجنگ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات متعلقہ بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی تعلقات کی بنیادی روایات کے منافی ہیں اور چین کے داخلی امور میں سنگین مداخلت کے مترادف ہیں۔ اور یہ کہ چین اس کی سختی سے مخالفت اور شدید مذمت کرتا ہے۔