واشنگٹن ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جن چینی مصنوعات پر زائد ٹیکس کے نفاذ کا اعلان کیا تھا، اس اعلان پر اب مزید 15 دنوں بعد عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے اپنے اس فیصلہ کو جذبہ خیرسگالی کے تحت کیا جانے والا فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ چین کی 250 بلین ڈالرس مالیت کی مصنوعات پر زائد ٹیکس کا نفاذ اب 15 اکٹوبر سے ہوگا۔ انہوں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ چین کے نائب وزیراعظم لیوہی کی درخواست پر اور چونکہ عوامی جمہوریہ چین کی عوام یکم ؍ اکٹوبر کو اپنی 70 ویں سالگرہ منارہے ہیں لہٰذا جذبہ خیرسگالی کے ساتھ نئے ٹیکسوں کا نفاذ یکم ؍ اکٹوبر سے بڑھا کر 15 اکٹوبر کردیا گیا ہے۔ یاد رہیکہ اکٹوبر کے اوائل میں چین کے اعلیٰ سطحی عہدیدار بات چیت کیلئے امریکہ آرہے ہیں۔
