چین کے اسپیس کرافٹ کی مریخ پر لینڈنگ

   

بیجنگ ۔ چینی نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن نے روور کے مریخ پر کامیابی سے پہنچنے کی تصدیق کردی ہے۔ چینی صدرنے مریخ مشن کے عملہ کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ چھ پہیوں والا روور مریخ کے یوٹوپیا پلینیشیا میدان تک پہنچا ہے جو اس کے نصف کرہ شمالی کا حصہ ہے۔ چین نے اس روور میں ایک پروٹیکٹیو کیپسول، ایک پیراشوٹ اور راکٹ پلیٹ فارم کا استعمال کیا ہے۔ چین کا یہ روور یوٹوپیا پلینیشیا سے مریخ کی تصاویر بھیجے گا۔ چھ پہیوں والے ژورانگ روبوٹ کی مریخ پر لینڈنگ بہت بڑی کامیابی ہے۔ تاحال صرف امریکہ نے مریخ پر لینڈنگ کی کامیابی حاصل کی ہے۔ دیگر ممالک نے مریخ پر اپنے سٹیلائٹس بھیجنے کی کوشش کی لیکن یاتو وہ کرائش ہوگئے یا مریخ کے سطح پر پہنچنے کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ چینی صدر نے اپنے خصوصی پیام میں مشن کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا کہ اس چیالنج کو پورا کرتے ہوئے ٹیم نے انتہائی جرأت مندی کا مظاہرہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ روبوٹ ہفتہ کی صبح 7 بجے (بیجنگ ٹائم) مریخ پر لینڈ کیا۔ اس نے 17 منٹ بعد زمین پر اپنے سگنلس بھیج دیئے۔ ژورانگ کے معنیٰ ’’گارڈ آف فائر‘‘ ہیں۔ مریخ تک کا موجودہ فاصلہ 320 ملین کیلو میٹر ہے۔ اس طرح زمین تک اس کا پیام پہنچنے کے لئے تقریباً 18 منٹ درکار ہوتے ہیں۔