کمیونسٹ حکومت نے ہٹلر اوراسٹالن کو بھی مات دے دی
نئی دہلی : بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی ترجمان اور سابق مرکزی وزیر سید شاہنواز حسین نے چین کے ژنجیانگ خطہ میں مسلمانوں پر ہورہے مظالم کے خلاف سخت ردعمل کااظہارکیاہے۔انہو ںنے کہاہے کہ بعض آزادخبررساں ایجنسیوں اورحقوق انسانی سے وابستہ افراد نے حقائق پر مبنی جو رپورٹ پیش کی ہے وہ دل کودہلادینے والی ہے، کمیونسٹ حکومت کے بڑھتے مظالم ناقابل برداشت ہیں۔ انھوں نے کہاکہ چین کے ژنجیانگ خطہ میں اویغور مسلمانوں کی جس طرح نسل کشی کی جارہی ہے وہ اکیسویں صدی کا سب سے بڑا ظلم ہے جس نے ہٹلراوراسٹالن کوبھی مات دے دی ہے ،اس لیے ہندوستان سمیت دنیابھر کو اس کے خلاف آوازبلندکرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بعض رپورٹوں کے مطابق چین کی حکومت نے ایسے ایسے حراستی کیمپ جنہیں وہ ڈی ریڈیکلائزیشن کیمپ کہتی ہے، بنارکھے ہیں جہاں 30لاکھ اویغورمسلمانوں کو قیدکرکے انہیں طرح طرح کی اذیتیں دی جارہی ہیں۔گمراہ کن بات یہ ہے کہ چین ان حراستی کیمپوں کو تعلیمی کیمپ سے تعبیرکرتاہے۔ چین کے سنکیانگ خطہ میں اویغورمسلمانوں پر مظالم کی خبریں چھن چھن کرتوآہی رہی تھیں مگر تازہ رپورٹ انڈیاٹوڈے نے پیش کی ہے جس میں50سٹیلائٹ تصاویرکے تجزیے سے حراستی کیمپوں کی توسیع کاجائزہ لیاگیاہے ،یہ سبھی کیمپ ہندوستان کے لداخ سے کافی قریب ہیںجہاں مسلمانوں کو رکھاجاتاہے۔