واشنگٹن۔24 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعے کی شام ایک ٹویٹ میں اعلان کیا ہے کہ چین کی جانب سے سیاسی محرکات کی بنا پر امریکی برآمدات پر ٹیکس عائد کرنے کے جواب میں اب امریکہ آنے والی چینی مصنوعات پر بھی 5% اضافی ٹیکس لاگو ہو گا۔ٹرمپ کے مطابق یہ بات افسوس ناک ہے کہ امریکہ کی سابقہ انتظامیاؤں نے اب تک چین کو منصفانہ اور متوازن تجارت سے بچ نکلنے کا موقع دیا… اس امر نے امریکی ٹیکسوں پر بھاری بوجھ ڈال دیا … ملک کے صدر ہونے کی حیثیت سے اب میں ایسا نہیں ہونے دے سکتا۔ٹرمپ نے بتایا کہ امریکہ یکم اکتوبر سے چین کی 250 ارب ڈالر کی مصنوعات پر موجودہ درآمدی ڈیوٹی 25 فی صد سے بڑھا کر 30 فیصد کر دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بقیہ 300 ارب ڈالر کی مصنوعات جن پر یکم ستمبر سے 10 فیصد ٹیکس لاگو ہونا تھا اب وہ بڑھ کر 15 فیصد ہو جائے گا۔امریکہ ان ٹیکسوں کو بعض مصنوعات پر یکم ستمبر سے لاگو کرے گا تاہم ان میں تقریبا نصف کے قریب سامان پر ٹیکس کو 15 دسمبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔