بیجنگ ۔ 25 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرچین ژی جن پنگ نے چہارشنبہ کو ملک کے ایک نئے ایرپورٹ کا افتتاح کیا جس کے بارے میں یہ کہا جارہا ہے کہ وہ مستقبل میں دنیا کا مصروف ترین ایرپورٹ بن جائے گا ۔ ایرپورٹ کا نقشہ ’’اسٹار فش‘‘ کی شکل کا ہے جو دیکھنے والے کو ا پنی جانب راغب کرتا ہے ۔ ایرپورٹ کے اندرونی ٹرمنل میں ایک سادہ سی تقریب کے دوران ایرپورٹ کا افتتاح عمل میں آیا جبکہ اندرون کچھ روز ملک میں کمیونسٹ حکومت کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے کی تقریبات منانے کی تیاریاں بھی کی جارہی ہیں۔ ایرپورٹ کا نام ڈیز نگ انٹرنیشنل ایرپورٹ ہے جس کا جزوی طور پر افتتاح عمل میں آیا ہے اور 2040 ء تک اسے ایک مکمل ایرپورٹ کے طور پر استعمال کیا جائے گا جس کے آٹھ رن ویز ہوں گے اور ہر سال یہاں سے 100 ملین مسافرین کی آمد و رفت ممکن ہوجائے گی۔
