نئی دہلی ؍ بیجنگ: ہندوستانی آرمی چیف منوج پانڈے نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ سرحد پر صورتحال مستحکم ہے لیکن ڈھائی سال تک دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان مشرقی لداخ کے علاقہ میں آمنے سامنے رہنے کے بعد غیریقینی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے منوج پانڈے نے کہاکہ دونوں ملکوں میں افواج اور سفارتی سطح پر بات چیت جاری ہے اور فوج بڑے پیمانے پر اپنی تیاری کر چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس کافی فوج موجود ہے۔ ہر سیکٹر میں افواج کی ریزرو تعداد بھی موجود ہے جو کسی بھی صورتحال سے نمٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہوں گا کہ صورتحال مستحکم اور قابو میں ہے تاہم غیریقینی بھی ہے۔ جنرل پانڈے نے بتایا کہ روس یوکرین تنازعہ کے باعث ہندوستان فوج کے لیے اسپیئر پارٹس کی سپلائی متاثر ہوئی ہے تاہم انہوں نے اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی۔