نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا ہیکہ چین ہماری قومی سلامتی کیلئے مسلسل خطرہ بنا ہوا ہے اور اس کے ساتھ نرم اور اعتدال پسند رویہ کام نہیں کرے گا، اس لیے اسے سخت زبان میں ردعمل دینا ضروری ہو گیا ہے۔ راہول نے ٹویٹ کیا کہ چین نے پینگونگ پر پہلا پل بنایا۔ حکومت ہند نے کہا کہ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جب چین نے پینگونگ پر دوسرا پل بنایا تو حکومت نے کہا کہ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ملکی سلامتی اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، اس لیے نرم رویہ کام نہیں آئے گا۔ وزیر اعظم کو ہر قیمت پر ملک کی حفاظت کرنی چاہئے۔کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے بعد میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ پینگونگ جھیل پر چین کے دوسرے پل کی تعمیر سے متعلق وزارت خارجہ کا بیان تضادسے پر ہے ۔ اگر وزارت کے پاس درست معلومات نہیں ہے تو وزارت دفاع صورتحال واضح کرے اور ملک کو اندھیرے میں نہ رکھا جائے ۔ مشرقی لداخ میں پینگونگ جھیل کا وہ علاقہ جہاں چین ایک پل بنا رہا ہے ، ہماری حکومت اس علاقے کو کئی دہائیوں سے چین کا ’غیر مجاز’ قبضہ‘ سمجھتی ہے ۔