حیدرآباد۔/19 جنوری، ( سیاست نیوز) ہندوستان میں چین کے سفیر سون ویوڈانگ نے صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کورونا سے عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ چین کے سفیر نے چندرا بابو نائیڈو کو کوویڈ سے بچاؤ کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی صلاح دی ہے۔ یوں تو چندرا بابو نائیڈو کی صحت یابی کیلئے کئی شخصیتوں نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا لیکن چین کے سفیر کی جانب سے مکتوب کی روانگی سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن چکی ہے۔ ہندوستان کے چین کے ساتھ روابط ان دنوں سرحدی تنازعہ کے سبب کشیدہ ہیں۔ ملک میں کئی اہم شخصیتیںکورونا کا شکار ہوچکی ہیں لیکن چین کے سفیر کی جانب سے کسی بھی قائد کیلئے خیرسگالی کا مکتوب کا معاملہ منظر عام پر نہیں آیا لیکن چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ چین کی ہمدردی ہر کسی کیلئے حیرت کا باعث ہے۔ اسی دوران میگا اسٹار چرنجیوی اور جونیر این ٹی آر نے چندرا بابو نائیڈو اور ان کے فرزند لوکیش کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے ٹوئٹر پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ر