بیجنگ: چین کے شمال مغرب میں واقع گانسو اور چنگھائی صوبوں میں پیر کی رات (18 ڈسمبر) کو زلزلہ آیا۔ چائنا ارتھ کوئیک نیٹ ورک سنٹر کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 تھی۔ پاکستان تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق دونوں صوبوں میں تقریباً 116 افراد ہلاک جب کہ 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ گانسو میں 105 اور پڑوسی صوبہ چنگھائی میں 11 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔زلزلے کا مرکز گانسو کی جیشیشان کاؤنٹی میں سطح زمین سے 10 کلومیٹر نیچے چنگھائی کی سرحد سے تقریباً 5 کلومیٹر دور تھا۔ تاہم امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 5.9 بتائی ہے۔چین کے سی سی ٹی وی نیوز کے مطابق زلزلے نے پانی اور بجلی کی لائنوں کو بڑا نقصان پہنچایا۔ اس کے علاوہ ٹریفک اور مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے۔ دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ نے امدادی ٹیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ زلزلے سے زخمی ہونے والے افراد کی حفاظت کے لیے تمام ضروری کوششیں کریں۔