واشنگٹن : رواں برس 21 مارچ کو تباہ ہونے والے چائنا ایسڑن ایئرلائنز کے جہاز کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ محض حادثہ نہیں بلکہ جان بوجھ کر کیا گیا اقدام تھا۔اس حادثے میں جہاز پر سوار 132 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی اہلکاروں کی جانب سے جہاز کے ملبے سے ملنے والے ’بلیک باکس ریکارڈز کے جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ کاک پٹ سے بوئنگ 737-800 کو تباہ کن ڈائیو لینے پر مجبور کیا گیا۔‘وال سٹریٹ جرنل نے ذرائع کا نام لیے بغیر رپورٹ کیا ہے کہ ’جہاز نے وہی کیا جس کے لیے اسے کسی نے کاک پٹ سے کمانڈ دی تھی۔‘چائنا ایسٹرن ایئرلائنز کا جہاز مناسب رفتار اور بلندی پر ہمواری سے پرواز کر رہا تھا کہ اچانک ایک منٹ میں وہ 20 ہزار فٹ نیچے آگیا اور گوانگ ژی صوبہ کے شہر ووچْو کے نواحی پہاڑوں میں گر کر تباہ ہو گیا۔اس حادثہ کی بنیادی تحقیقات تو چینی اہلکاروں نے کیں لیکن جہاز امریکی ساختہ ہونے کی وجہ سے امریکی حکام کو بھی اس عمل میں شامل کیا گیاتھا۔