نئی دہلی۔کانگریس نے کہا ہے کہ چینی قبضے کے سلسلے میں وزیراعظم نریندر مودی کا بیان وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور فوج کے سربراہ کے بیانات کے برخلاف اور گمراہ کن ہیں ، اس لئے قومی سلامتی کے معاملے پر گمراہ کرنے کے بجائے ملک کو حقیقت بتائی جانی چاہیے ۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم اور پارٹی مواصلات محکمہ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے ہفتہ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ چینی قبضے کے سلسلے میں کل جماعتی میٹنگ میں دیئے گئے وزیراعظم کے بیان نے پورے ملک کو حیران کردیا ہے ۔ مودی کا یہ بیان وزیر دفاع اور وزیر خارجہ کے بیانوں سے برخلاف ہی نہیں ہیں بلکہ فوج کے سربراہ منوج مکند نروانے کے تبصرے کے بھی برخلاف ہے ۔ یہ گمراہ کن بیان ہے اور اس طرح کے بیان دیکر چینی دراندازی کے معاملے پر پورے ملک کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی کے اس بیان کے بعد چین نے پھر کہا ہے کہ لداخ علاقہ کی پوری گلوان وادی اس کی ہے ۔ یہ کافی ناگوار بیان ہے اور مودی اور ان کی حکومت کو اس بارے میں آج ہی چین کو جواب دینا چاہیے ۔ اس سلسلے میں کل تک کا انتظار نہیں کیا جانا چاہیے اور چین کو آج شام تک ہی اس سوال کا جواب دینے کے ساتھ ہی ملک کو حقیقت سے واقف کیا جانا چاہیے۔