حیدرآباد۔/5 جنوری، ( سیاست نیوز) چین میں کورونا وائرس کے بعد HMPV نامی نئے وائرس کے پھیلاؤ کی اطلاعات کے بعد تلنگانہ حکومت نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر بی رویندر نائیک نے کہا کہ چین میں پائے گئے وائرس سے تلنگانہ عوام خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس وائرس کا تلنگانہ میں کوئی وجود نہیں اور ابھی تک ایک بھی کیس منظر عام پر نہیں آیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت سے اشتراک کرتے ہوئے تلنگانہ محکمہ صحت نے عوام کیلئے اڈوائزری جاری کی ہے جس میں احتیاطی تدابیر کی نشاندہی کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ چین میں پایا گیا وائرس فلو کی علامات کی طرح ہے اور عوام احتیاطی تدابیر سے باآسانی بچ سکتے ہیں۔ ماسک کے استعمال کا مشورہ دیتے ہوئے حکام نے کہا کہ یہ عام طرح کے انفیکشن کے طور پر ہے۔ تلنگانہ حکومت کسی بھی امکانی خطرہ سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ چین میں پایا گیا وائرس عام فلو اور سانس کے انفیکشن کی طرح ہے جس میں کھانسی، بخار، زکام اور سانس لینے میں دشواری ہوسکتی ہے۔ شدید متاثرہ افراد میں یہ نمونیہ کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔ علامات ظاہر ہونے میں تین تا چھ دن لگ سکتے ہیں۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ وقفہ وقفہ سے صابن سے ہاتھ دھوئیں اور ہاتھ دھوئے بغیر آنکھ، کان، ناک کو چھونے سے گریز کریں۔ فلو سے متاثرہ افراد سے فاصلہ برقرار رکھیں۔ کھانسی اور چھینک کے وقت ماسک یا کپڑے کا استعمال کریں اور ناک اور منہ کو ڈھانکیں۔1