بیجنگ : چین کا سرحدی شہر کوویڈ۔19 وبا کی نئی لہر سے متاثر ہوا ہے جہاں اب وہاں کی پوری آبادی کو ویکسین لگانے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ روئیلی نامی اس شہر کی جملہ آبادی 3 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔ ٹی وی سے نشر کی جانے والی خبروں کے مطابق لوگوں کو مختلف مراکز میں ویکسین لگانے کے لئے قطار میں کھڑا ہوا دکھایا گیا ہے۔ اب تک یہاں کورونا کے 16 نئے کیسیز سامنے آئے ہیں جن میں سے 12 مریض چینی شہری ہیں جبکہ مابقی مریضوں کا تعلق میانمار سے بتایا گیا ہے۔ قبل ازیں کمیونسٹ پارٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ روئیلی شہر میں ویکسین کی 159,000 خوراکیں پہنچ گئی ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ چین کے شہر ووہان سے کورونا وائرس پھیلا لیکن چین کی یہ خوبی رہی ہیکہ جہاں جہاں بھی کورونا نے سر ابھارا وہاں فوراً ہی اس پر قابو پالیا گیا۔ روئیلی میں پوری آبادی کو صرف پانچ روز کے اندر ویکسین دیدی جائے گی۔