چین 200 میڈلس کے ساتھ پہلے مقام پر

   

ٹوکیو۔ ٹوکیو میں منعقدہ پیرا لمپکس گیمز میں چین نے میڈلز کے ذخائر پر مکمل قبضہ کرتے ہوئے اپنی برتری ثابت کردی، یہ مقابلے اتوار کو سادہ تقریب میں اپنے اختتام کو پہنچے ہیں۔ چین نے مجموعی طور پر 200 میڈلز کے ساتھ اپنے میڈلس کی ڈبل سنچری بھی مکمل کی اس نے 93 گولڈ ، 57 سلور اور 50 برونز میڈلز جیتے ہیں اور پہلا مقام حاصل کرلیا ہے برطانیہ 122میڈلز کے ساتھ دوسرے اور روس نے117میڈلز کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ہندوستان نے پیرالمپکس میں اپنے اب تک کے سب سے بہترین مظاہرے کئے ہیں اور نیا ریکارڈ بنایا ہے ۔ہندوستان نے ا س مرتبہ 5 گولڈ میڈل حاصل کئے جبکہ 8 سلور اور 6 برونز میڈلس کے ساتھ اپنے میڈلس کی مجموعی تعداد19 کی ہے ۔19 میڈل کے ساتھ ہندوستان نے میڈلس کے حصول کی ممالک کے فہرست میں 24 واں مقام حاصل کیا ہے ۔علاوہ ازیں پاکستان نے ایک گولڈ میڈل جیتا اور وہ میڈلز ٹیبل پر59 ویں مقام پر رہا ۔ یادر ہے کہ پاکستان کے لئے حیدر علی نے ڈسکس تھرو میں واحد گولڈ میڈل جیتا ہے ۔
اسٹرلنگ ٹی 20 میں پہلے مقام پر پہنچ گئے
دبئی :یکم جنوری 2019 سے ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والوں میں پال اسٹرلنگ پاکستانی کپتان بابراعظم سے آگے نکل گئے۔آئرش بیٹسمین پال اسٹرلنگ نے زمبابوے کیخلاف سنچری بھی بنائی ۔ وہ33 اننگز میں 1201 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں جب کہ بابر اعظم اب 30 اننگز میں 1173 رنز بناکر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔کیون اوبرائن 36 اننگز میں 1040 رنز اسکور کر چکے ہیں۔ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی محددو فارمیٹ کے میچز کی 24 اننگز میں 992 رنز بناکر چوتھے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اب تک 25 اننگز میں 959 بناکرسرفہرست 5 بیٹسمنوں میں شامل ہوگئے ہیں۔
راہول پر 15 فیصد جرمانہ
لندن ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر کے ایل راہول پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔راہول نے انگلینڈ کے خلاف راوں چوتھے ٹسٹ میں آؤٹ دینے پر امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کے ایل راہول پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔