حیدرآباد : 2 ڈسمبر ( سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کے چیوڑلہ میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں 4 افراد بشمول دو خواتین ہلاک ہوگئے ۔حادثہ آلور گیٹ کے قریب حیدرآباد بیجا پور ہائی وے پر پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار بے قابو لاری نے سبزی فروشوں کو روند دیا جو سڑک کے کنارے دوکانات لگائے بیٹھے تھے ۔ حادثہ میں چار افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔ حادثہ کی اطلاعات کے فوری بعد مقامی رکن اسمبلی چیوڑلہ کالے یادیا مقام حادثہ پہنچے اور پولیس کی مدد سے زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا اور زخمیوں کے بہتر علاج کیلئے ڈاکٹروں سے بات کرکے ہدایت جاری کی ۔مقام حادثہ پر دلخراش مناظر دیکھ کر مقامی افراد بھی برہم ہوگئے ۔ لاری ڈرائیور گاڑی میں پھنس گیا تھا ۔ لاری بے قابو ہوگئی اور سڑک کے کنارے سبزی فروشوں کو روند دیا اور درخت سے ٹکراگئی ۔ لاری ڈرائیور کو گاڑی سے نکالنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ مقامی ذرائع کے مطابق تین افراد بشمول دو خواتین برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہاسپٹل میں فوت ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق متوفی افراد کی شناخت راملو ، برہما اور سجاتا کی حیثیت سے کرلی گئی ۔ آلور گیٹ کے قریب سبزی فروش کی جاتی ہے اور حیدرآباد ۔ بیجا پور ہائی وے پر آلورمیں سبزی ہائی وے سے گزرنے والے گاہک خریدا کرتے ہیں۔ ہمیشہ کی طرح سبزی فروش آلور اور آس پاس کے مواضعات سے جمع ہوئے تھے اور دوکانات لگائے گاہکوں کے منتظر تھے کہ اچانک لاری ان کی موت بن کر آئی اور ان ترکاری فروش افراد کو روند دیا اور انہیں بچنے کا موقع تک نہیں ملا ۔ لاری ڈرائیور نشہ میں تھا یا حالت نیند کے سبب یہ حادثہ پیش آیا اس کی تحقیقات جاری ہے ۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ برسوں سے اس سڑک کی توسیع کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ لاری دوکاندار ترکاری فروشوں کو تقریباً 100 میٹر گھسیٹتے ہوئے لے گئی ۔ دلخراش مناظر دیکھ کر رکن اسمبلی نے کا اظہار کیا اور ہاسپٹل پہنچ کر متاثرین سے ملاقات کی ۔ع